19 مئی ، 2015
اسلام آباد......وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کو ختم ہوتے ہوتےدو تین سال لگیں گے ، پہلے سال اقتدار میں آئے تو لوڈ شیڈنگ پر گالیاں پڑیں ، گالیاں اب بھی پڑ رہی ہیں مگر کم ۔ خواجہ آصف اسلام آباد میں انجمن تاجراں کی تقریب حلف برادری سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا حکومت چاہتی ہے کہ ملک بھر میں بجلی کی بچت کے لیے مارکیٹس کھلنے اور بند ہونے کا ایک وقت ہو، بجلی کی صورتحال آہستہ آہستہ ختم بہتر ہو رہی ہے ۔بجلی کی صورتحال کی بہتری میں دو تین سال لگیں گے ، پہلے سال آئے گالیاں پڑیں جو کم ہو رہی ہیں پڑیں گی اب بھی مگر کم پڑ رہی ہیں ، جو پڑیں گی ضرور ابھی بھی۔خواجہ آصف نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں ہو تا کوئی نہیں اور ائیر کنڈیشنز چل رہے ہو تے ہیں ، جہاں لوڈ شیڈنگ زیادہ ہے وہاں بجلی چوری بھی کم نہیں ۔جہاں 20گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہے حلفا کہتا ہوں وہاں چوری 90فیصد ہے ، لوگ کہتے ہیں بل زیادہ آگیا یہ نہیں معلوم یو پی ایس کام دکھا گیا جو تین گنا زیادہ بجلی استعمال کرتا ہے۔ وفاقی وزیر پانی وبجلی نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ وہ اسلام آباد میں قانون کرایہ داری منظور کرائیں گے ، وزیر اعظم تاجر برادری کے مسائل سے آگاہ ہیںاور ان کے لیے جلد ایک پیکج کا اعلان کریں گے ۔