20 مئی ، 2015
راولپنڈی .......راولپنڈی میں ایگزيکٹ کے دفتر سے قبضے میں لیے گئے 40 کمپیوٹروں کا فارنزک ٹیسٹ کیا جارہاہے ، اور اس ٹیسٹ کے بعد سامنے آنے والی رپورٹ کی روشنی میں کوئی مقدمہ درج کرنے یا نہ کرنے کافیصلہ کیا جائے گا۔اسلام آباد میں ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی ٹیم نے ، ایگزیکٹ راول پنڈي کے دفتر سے قبضے میں لیے گئے چالیس کمپیوٹروں کافرانزک ٹیسٹ شروع کردیا ہے ۔ فرانزک ٹیسٹ میں اس بات کا جائزہ لیا جائے گاکہ آیا ان میں ایسی دستاویزات یا معلومات موجود ہیں جو ایگزیکٹ کے جعلی ڈگریوں کے کاروبار میں استعمال ہوتی رہی ہوں ، اگر ان کمپیوٹروں سے ایسا لنک ثابت ہوا تو تیار کردہ ابتدائی فارنزک رپورٹ کی روشنی میں مقدمہ قائم کیا جائے گا ۔ دوسری طرف گزشتہ روز حراست میں لیے گئے ایگزيکٹ کے چند ملازمین نے اعتراف کیا ہےکہ وہ ایگزيکٹ کے ساتھ انٹرنیشنل اسٹوڈنٹ کنسلٹنٹ کے طورپر کام کرتے ہیں اور ایسا اعتراف کرنے والے افراد کی تعداد اب تک کم از کم چار ہے۔