20 مئی ، 2015
پارا چنار .......قبائلی علاقے پاراچنار میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے تباہی پھیل گئی ہے، کھڑی فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچنے کے علاوہ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے۔ پاراچنار میں پیر کی شام سے موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ طوفانی بارش اور ژالہ باری سے دنگیلہ، کڑمان، ملانہ اور زیڑان سمیت مختلف علاقوں میں کھڑی فصلیں اور باغات تباہ ہوگئے، درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور کئی مکانات کی چھتیں ہوا سے اڑ گئیں۔ کسی کا آشیانہ کھنڈرات بن گیا تو کہیں ژالہ باری نے پورے سال کی محنت کو پل بھر میں تباہ کردیا۔ متاثرہ غریب قبائل کی آنکھوں میں بے بسی کی جھلک کو واضح دیکھا جاسکتا ہے۔قبائل نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ لوگوں کی امداد کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ہم غریب لوگ ہیں ہمارے بال بچے ہیں اس فصل کو دیکھ کے ہمارا کوئی آسرا نہیں لیکن ہم حکومت سے درخواست کرتے ہیں، گورنر صاحب سے التجا ہے کہ ہمارے اس بڑے نقصان کی خاطر ہماری مدد کریں۔تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کے باعث ایجنسی کے مختلف مقامات پر بجلی کی مین ٹرانسمیشن لائن کے چار ٹاور اور متعدد مقامات پر کھمبے بھی گر گئے جس سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا،جس سے ایجنسی بھر میں بجلی کا نظام معطل ہوگیا۔ طوفانی بارش اور ژالہ باری سے جہاں کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں وہیں اکثر جگہوں پر مکانات بھی کھنڈرات میں تبدیل تبدیل ہوگئے ہیں۔