10 مئی ، 2012
گوجرانوالہ… گوجرانوالہ میں پلاسٹک پائپ کے گودام میں گزشتہ رات لگنے والی آگ پر کئی گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا، تاہم ریسکیو آپریشن اب بھی جاری ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ گوجرانوالہ کی الیاس کالونی میں فیصل آباد روڈ پر رات گئے پیش آیا،، جہاں واقع پلاسٹک پائپ کے گودام میں جلی ہوئی سگریٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی۔ تیز ہوائیں چلنے کے باعث آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔۔ آگ کی شدت کی وجہ سے گودام کے ساتھ واقع گھر خالی کرالئے گئے اور فیصل آباد روڈ بھی ٹریفک کے لئے کئی گھنٹے بند رہا، تاہم فائر بریگیڈ کی دس گاڑیوں اور درجنوں ریسکیو اہلکاروں نے کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا ہے، جبکہ گودام میں ریسکیو آپریشن اب بھی جاری ہے، پلاسٹک کے گودم میں لگنے والی آگ کی وجہ سے کروڑوں روپے کے نقصان کے علاوہ زہریلے دھوئیں سے تین افراد کی حالت بھی غیر ہوئی جنہیں طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے، ریسکیوحکام کے مطابق گودام مالک سے تاحال رابطہ نہیں ہوسکا۔