23 مئی ، 2015
بارسلونا.......شفقت علی رضا.......اسپین میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن مہم کے آخری جلسے میں امیگرینٹس دوست پارٹی آئی سی وی (گرین پارٹی) کے سربراہ ’’جوان ایریرا‘‘ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقابلہ کرپشن، ناانصافی اور امیگرینٹس کے خلاف نفرت کے جذبات سے ہے اور ہم اس جنگ کو جیت کر ہی دم لیں گے۔الیکشن جلسے سے صوبہ کاتالونیا کے شہر مونت کادہ کی میئر شپ کے لئے گرین پارٹی کی امیدوار لاورا کمپاس اور پاکستانی کونسلر شپ کے امیدوار چوہدری مظہر اقبال نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ کاتالونیا میں برسر اقتدار جماعت کے ہاتھ میں دو جھنڈے ہیں جن میں ایک کاتالونیا کا اور دوسرے ہاتھ میں کرپشن کا جھنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بلدیاتی انتخابات تبدیلی کی طرف پہلا قدم ہے،اسپین کی حکومتی پارٹی پاپولر بھی امیگرینٹس کے خلاف برسر پیکار ہے اور الیکشن میں ان کو بھی بد ترین شکست ہوگی۔ گرین پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستانی چوہدری مظہر اقبال اور ڈاکٹر ہما جمشید کو الیکشن میں بطور کونسلر امیدوار منتخب کرکے ثابت کیا ہے کہ ہم نسل پرستی اور تعصب کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن ہمارے ملک کی تعمیر و ترقی میںممدومعاون ہیں۔ بلدیاتی الیکشن مہم کے اس آخری جلسے میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے راجہ شعیب ستی، چوہدری نوید وڑائچ، مظہر بٹ، چاچا خان، میاں عمران ساجد، پرویز اختر جانی،چوہدری طارق گجر، راجہ ٹیپو، علی اکبر کمبوہ، مرزا ندیم بیگ، رضوان کاظمی،علی خان، ایس اے رضا، شاہ نواز، پرویز احمد، جمال دین کے علاوہ سیکڑوں پاکستانیوں نے شرکت کی اور آئی سی وی گرین پارٹی کو اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ روزنامہ جنگ اور جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے گرین پارٹی کے سربراہ’’ جوان ایریرا ‘‘کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے یہ خوش آئند بات ہے کہ اسپین کی تاریخ میں پہلی بار تارکین وطن خاص کر پاکستانی کمیونٹی بڑے ذوق و شوق اور جوش و جذبے کے ساتھ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لے رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب بلدیات سے لے کر اسپین کی پارلیمنٹ تک پاکستانی نمائندے اپنے حقوق کی جنگ لڑنے کے لئے وہاں موجود ہوںگے۔ چوہدری مظہر اقبال نے کہا کہ گرین پارٹی نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے میںاس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا اور کرپشن کے خلاف جنگ میں پاکستانی کمیونٹی کو ساتھ لے کر گرین پارٹی کا بھر پور ساتھ دوں گا۔