Time 15 مارچ ، 2025
پاکستان

دہشتگردی کا تعلق محرومی کے بیانیے سے نہیں، ان سے کوئی رعایت نہیں ہوگی: وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ایک شخص بھی اگر لاپتا ہے تو اس کی کوئی توجیہ نہیں دی جا سکتی لیکن خود لاپتا ہونے اورجبری گمشدگی میں فرق دیکھنا چاہیے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اسلام آباد میں پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھاکہ ایک شخص بھی اگر لاپتا ہے تو اس کی کوئی توجیہ نہیں دی جا سکتی لیکن خود لاپتا ہونے اورجبری گمشدگی میں فرق دیکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ لاپتہ شخص کو ڈھونڈنا حکومت کی ذمے داری ہے لیکن اس معاملے کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف پروپیگنڈا ٹول بنانے کی مذمت کرنی چاہیے، خیبر پختونخوا اوردیگرعلاقوں میں بھی لاپتا افراد ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھاکہ دہشت گردی کا تعلق محرومی کے بیانیے سے نہیں ہے، گوجر خان میں اسلام آباد جتنی ترقی نہیں، جیکب آباد کراچی جیسا شہر نہیں اور لاہور جیسی ترقی ساہیوال میں نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ بیروزگاری یا ترقی نہ ہونے کی وجوہات پر بندوق اٹھانے اور تشدد کی کوئی تاویل نہیں بنتی، یہ انسانی حقوق اور ترقی کا نہیں بلکہ خالصتاً دہشت گردی کا معاملہ ہے جس کا مقصد پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد عناصر کا بلوچ قوم سے کوئی تعلق نہیں، بدامنی پھیلانے والے عناصر صرف دہشت گرد ہیں، ان سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، صوبے میں پولیس، سی ٹی ڈی اور لیویز کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :