24 مئی ، 2015
ملتان......سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا دو سال بعد پہلی بارمغوی بیٹے علی حیدرگیلانی سےٹیلے فون پر رابطہ ہواہے، ان کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا بالکل خیریت سے ہے اوراس کا حوصلہ بھی بلند ہے۔سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے ان کے مغوی بیٹے علی حیدرگیلانی نے دوسال بعد پہلی بارٹیلے فون پر رابطہ کیا،باپ بیٹے کے درمیان آٹھ منٹ تک بات چیت ہوتی رہی ۔یوسف رضا گیلانی نے شاہ محمود قریشی سے بھی اپنے بیٹے کی بات کرائی ۔سابق وزیراعظم نے جیونیوز کو اس رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا بیٹا بالکل خیریت سے ہے اوراس کے حوصلے بھی بلند ہیں ۔علی حیدرگیلانی کو2013 کی الیکشن مہم کے دوران مسلح افراد اغوا کرکے ساتھ لے گئے تھے۔علی حیدر گیلانی کے اغوا کا مقدمہ نامعلوم اغوا کاروں کے خلاف درج کیا گیا لیکن دو سالوں میں پولیس کوان کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔بالآخر یوسف رضا گیلانی 15 روز قبل دو روزہ دورے پر افغانستان گئے، جہاں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں اوراپنے مغوی بیٹے سمیت سابق گورنر پنجاب سلیمان تاثیر کے مغوی بیٹے شہباز تاثیر کی بازیابی کے لیے کردارادا کرنے کی درخواست کی،جس کے دوہفتے بعد اغوا کاروں نے مغوی علی حیدر کی اپنے والد سے بات کروادی۔ اپنے فون پربیٹے کی آوازسنائی دی توجیسے ان کے دل کوقرارآ گیا ۔ اس رابطے کے بعد سابق وزیراعظم پُرامید ہیں کہ ان کا بیٹا بازیاب کرالیا جائے گا اورجلداپنے گھرپہنچ جائےگا۔