25 مئی ، 2015
راولپنڈی........کرنسی اسمگلنگ کیس میں زیرحراست ماڈل ایان علی نےاپنے والد سے ملنے سے انکار کردیا۔ آیان کے والد راجا حفیظ کا کہنا ہے کہ وہ ملاقات کے بعد ہی حقائق سے پردہ اٹھاسکیں گے۔ ماڈل ایان کے والد راجا حفیظ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ بیٹی ان سے کیوں نہیں ملنا چاہتی؟ انہوں نے کہا کہ بیٹی سے ملنے پر کوئی پابندی کیسے لگاسکتا ہے؟رپورٹر کے اس سوال پر کہ وہ بیوی کو طلاق دے چکے ہیں تو اب اس کیس کے حوالے سے کیوں سامنے آئے ہیں؟ ایان کے والد نے دو ٹوک کہا کہ ایان ان کی بیٹی ہے اس لیے وہ اس سے ملنے آئے ہیں۔سابق صدر زرداری سے ایان کے تعلق کے حوالے سے راجا حفیظ نے وضاحت بھی دی۔ راجا حفیظ کا کہنا تھا کہ وہ بیٹی کے ساتھ نہیں تھے ، اس لیے یہ نہیں بتاسکتے کہ ڈالر اس کے اپنے تھے یا اسے پھنسایا گیا ہے۔ حقائق سے پردہ اٹھانے پر بار بار اصرار کرنے پر ایان کے والد رپورٹر پر تھوڑے سے برہم بھی نظر آئے۔