25 مئی ، 2015
پشاور.....خیبر پختون خوا میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق ، خیبر پختونخوا کے2 وزراء، ایک مشیر اور 3 سیکرٹریز نے الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی،چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کہتے ہیں کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد سب جماعتوں اور اداروں کی ذمہ داری ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دائر مختلف درخواستوں کی سماعت کی ۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن سے تحریری معافی مانگ لی ، سراج الحق کی جانب سے ان کےوکیل نے تحریری وضاحت اور معافی نامہ الیکشن کمیشن میں جمع کرایا اورکمیشن کو یقین دہانی کرائی کہ وہ قانون کے خلاف کوئی کام نہیں کریں گے۔الیکشن کمیشن نے وضاحت قبول کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا ۔دوسری جانب ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر خیبر پختونخوا کے2 وزراء ، ایک مشیراور 3 سیکرٹریزنے بھی الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی ہے ۔ دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے ریمارکس میں کہا کہ کے پی کے میں 30 مئی تک حکومتی اشتہارات اور کارنر میٹنگز پر بھی پابندی ہو گی ۔تمام جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام روک دیا جائے۔الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرپی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی فیصل زمان سمیت ضلع کونسل کےدوامیدواروں کو26 مئی کوطلب کرلیاہے۔