27 مئی ، 2015
ڈسکہ........ڈسکہ واقعے کے خلاف ملک بھر میں وکلا نے مظاہرے کیے۔ گوجرانوالہ، فیصل آباد، رحیم یارخان اور وہاڑی میں آج پھر پرتشدد مظاہرے دیکھنے میں آئے۔ سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں پولیس انسپکٹر کی فائرنگ سے دو سینئر وکلا کی ہلاکت اور وکیل سمیت تین افراد کے زخمی ہونے کے خلاف آج بھی ملک بھر کی وکلاء برادری سراپا احتجاج بنی رہی۔گوجرانوالہ میں وکلاء کی ریلی ڈی سی او آفس پہنچی تو ضلعی انتظامیہ نے گیٹ بند کروادیا، مشتعل وکلا گیٹ توڑ کر ضلع کچہری کے اندر داخل ہوگئے۔فیصل آباد میں مظاہرین نے تھانہ سول لائن کےگیٹ پر دھاوا بول کر ٹریفک پولیس کیبن اکھاڑ پھینکا اور پولیس کے خلاف نعرے لگائے۔رحیم یار خان میں بھی احتجاجی وکلا نے ڈی سی او آفس پر دھاوا بولا دیا اور گیٹ توڑ کر آفس کے احاطے میں گھس گئے۔وہاڑی کے وکیلوں نے حکومتی شخصیات کی تصاویر والے بینرز پر جوتے برسائے۔مظفر گڑھ میں وکیلوں نےوالوں نےڈی پی او آفس کا گھیراؤ کرکے مذاکرات کے لیے آنے والےڈی ایس پی سٹی احسان اللہ شاد پر پتھراؤ کیا۔ کراچی سمیت سندھ، لاہور سمیت پنجاب، پشاور سمیت خیبرپختون خوا، کوئٹہ سمیت بلوچستان اور آزاد کشمیر بار کونسلوں کے ارکان نے بھی ڈسکہ واقعے کے خلاف عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا اور مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں۔ مختلف شہروں میں وکلاءنے قتل ہونے والے وکیلوں کی غائبانہ نمازجنازہ بھی ادا کی۔