02 جون ، 2015
کوئٹہ........اقتصادی راہ داری دشمنوں کی نظر میں کانٹے کی طرح کھٹک رہی ہے، دشمن منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔ کوئٹہ میں آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔گورنرہاؤس کوئٹہ میں ہونےوالی کانفرنس میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیراعلیٰ عبدالمالک بلوچ، وفاقی وزراء چوہدری نثار، عبدالقادر بلوچ اور میر جام کمال، پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کےچیئرمین محمود خان اچکزئی، نیشنل پارٹی کے صدر سینیٹرمیرحاصل بزنجو، جےیوآئی ف کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کے علاوہ ملک اورصوبےکی نمائندہ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نےشرکت کی۔ کانفرنس میں سانحہ مستونگ کی مذمت کی گئی اور اس میں شہید ہونے والوں کےلواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔ کانفرنس کے شرکاء نے اس بات سےاتفاق کیا کہ واقعے پر تمام پاکستانی قوم کو دکھ پہنچا ہے اور اس کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ شرکاء نے اس بات پربھی اتفاق کیا کہ سانحہ مستونگ بلوچستان میں صدیوں سے مل جل کر رہنے والی برادر اقوام اور قبائل کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے اور انہیں آپس میں دست وگریباں کرنے کی سازش تھی۔ کانفرنس کے شرکاء نے صوبے کی سیاسی قیادت کی بالغ نظری کو سراہا اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ صوبے کی سیاسی قیادت نے عوام کی معاونت اورخاص طور سے شہیدوں کے ورثاء کے تعاون سے اقوام اور قبائل کو باہم دست وگریباں کرنے کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنادیا۔ اس بات پر مکمل اتفاق رائے تھا کہ ملک دشمن قوتیں اپنے بیرونی آقاؤں کے اشارے پر بلوچستان کے حالات خراب کررہی ہیں۔ تاہم اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ دہشت گردی کی کارروائیوں اور بیرونی سازشوں کو ہرقیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔ شرکاء متفق تھے کہ گوادر کاشغر اقتصادی راہداری پاکستان دشمنوں کی نظر میں کانٹے کی طرح کھٹک رہی ہے اور وہ اس منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ کل جماعتی کانفرنس نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سیاسی وعسکری قیادت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے نہ صرف پرعزم بلکہ ایک صفحے پر ہے اوردہشت گردی اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے پر سب کے درمیان مکمل اتفاق رائے موجود ہے۔کانفرنس کے شرکاء نے بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال پر غوروخوض کیا اور صورتحال کی بہتری کے لئے متعدد تجاویز بھی پیش کیں۔