پاکستان
02 جون ، 2015

سندھ ہائیکورٹ:ایگزیکٹ کے چینل کی مشینری اور آلات کی فہرست بنانے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ:ایگزیکٹ کے چینل کی مشینری اور آلات کی فہرست بنانے کا حکم

کراچی.........سندھ ہائی کورٹ نے اپنے ناظر کو ایگزیکٹ کےٹی وی چینل کی ساتویں اور نویں منزل پر موجود مشینری اور آلات کی فہرستیں تیار کرنے کا حکم دےدیا ہے۔عدالت نے سماعت 8 جون تک ملتوی کرتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل و دیگر کو بھی نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ایگزیکٹ انتظامیہ کو کسٹم انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ نے نوٹس دیا تھا کہ وہ چینل کے لیے لائے گئے اربوں روپے کے سامان پر ٹیکس کی رسیدیں پیش کرے، لیکن دو بار کی مہلت کے باوجود بھی دستاویزات پیش نہ کی جا سکیں۔ کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ یہ سامان ڈیوٹی دیئے بغیر لایا گیا ہے۔ کسٹمز ڈائریکٹر آصف مرغوب کے مطابق ایگزیکٹ انتظامیہ کو وصول کرائے گئے نوٹس میں ان پر واضح کردیا گیا ہے کہ وہ یہ سامان نہ منتقل کر سکتی ہے نہ اسے استعمال کرسکتی ہے کیونکہ یہ سامان اب سرکار کی ملکیت ہے۔ اس صورت حال کے بعد ایگزیکٹ انتظامیہ سندھ ہائی کورٹ چلی گئی۔سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس منیب اختر نے ایگزیکٹ کے ٹی وی چینل کی دائر درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ تحریری حکم میں عدالت نے کسٹم انٹیلی جنس کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت تک ایگزیکٹ کے چینل کی کمپنیز کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے۔ عدالت نے ناظر سندھ ہائی کورٹ کو آلات اور نصب مشینری کی جگہ کے دورے کی بھی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے ناظر کو آلات کی فہرست بھی تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔ ناظر چینل کی بلڈنگ کی ساتویں اور نویں منزل پر موجود مشینری اور آلات کا معائنہ کرکے رپورٹ عدالت میں پیش کرے گا۔ تحریری حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ ناظر سندھ ہائی کورٹ اگر ضروری سمجھے تو احاطے کی تصاویر بھی بناسکتا ہے۔ مدعی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے کی جانب سے بیشتر دستاویزات کو ضبط کرلیا گیا ہے، جس پر عدالت نے ہدایت کی کہ ناظر، ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ سے ملکر اس بات کو یقینی بنائے کہ اگر ایف آئی اے کے پاس اس طرح کی دستاویزات موجود ہیں تو انہیں فراہم کی جائیں۔ مدعی ناظر کی مقرر کردہ 50ہزار روپے فیس بھی ادا کرے۔ عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل و دیگر کو 8 جون کے لئے نوٹس بھی جاری کردیئے۔

مزید خبریں :