02 جون ، 2015
کراچی.......اے ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل سہیل خان نے کہا ہے کہ اے ایس ایف 12جون کو کراچی ایئرپورٹ پر حملہ ناکام بنانے والے 12جوانوں کی یاد میں یوم شہداء منائے گی۔ کراچی ائیرپورٹ پر حملے کو تقریباّ ایک سال ہوگیا۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل ائیرپورٹ سیکیورٹی فورسز میجرجنرل سہیل خان نے اپنی پہلی میڈیا بریفنگ دی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے صحافیوں دکھایا گیاکہ 8جون کو کراچی ایئرپورٹ دہشت حملہ کس طرح ناکام بنا، حساس نوعیت کی بنا پر سی سی فوٹیج نشر نہ کرنے کی درخواست کی گئی۔8 جون کی شب 11 بجکر 9 منٹ پر فوکر گیٹ سے 5دہشت گردوں نے حملے کا آغاز کیا۔ یہاں تعینات سب انسپکٹر طارق نے بے مثال بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتےہوئے اپنی جان دے کر جناح ٹرمینل کو بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ فوکر گیٹ پر تعینات اہل کاروں نے دہشت گردوں کو 3منٹ تک روکے رکھا اس دوران اے ایس ایف کی کوئیک رسپانس فورس نے پہنچ کر 5میں سے 4حملہ آوروں کو ہینگر بلڈنگ کے اندر ہی مار دیا۔ سی سی فوٹیج میں دہشت گردوں کو راکٹ لانچر اور دستی بم استعمال کرتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے۔ 5دہشت گردوں کی دوسری ٹولی، آئی جی سی گیٹ سے داخل ہوئی۔ یہاں اے ایس ایف انسپکٹر حفیظ الرحمان نے دہشت گردوں کو للکارا۔سینے پر گولی کھائی لیکن شہید ہونے سے پہلے گولی مارنے والے دہشت گرد کو ختم کر دیا۔رات ایک بجکر 50 منٹ پر پولیس اور رینجرز پہنچی اس وقت تک 9 دہشت گرد ہلاک ہو چکے تھے،ایک زخمی دہشت گرد نے اپنے آپ کو اڑا لیا جس کی زد میں آکر رینجرر اہلکار شہید ہوا۔ حملے کے وقت مسافروں سے بھرے غیرملکی ایرلائنز کے 3طیارے جناح ٹرمینل پر کھڑے تھے لیکن اے ایس ایف کے 12 جوانوں نے اپنی جانیں قربان کرکے ملک کو ایک بڑی آزمائش سے بچا لیا۔میجر جنرل سہیل خان نے بتایا کہ کراچی ایئرپورٹ پر حملے کو ایک سال مکمل ہونے پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 8 جون کو یوم شہداء منایا جائے گا۔