02 جون ، 2015
اسلام آباد.......بڑھتے ہوئے درجہ حرارت نے ملک بھر میں گرمی کو مزید بڑھا دیا ہے۔ گوادر کا درجۂ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ تپتی دھوپ نے ماحول کو اور بھی گرم کردیا۔ سندھ سے خیبر تک ہر طرف آگ برساتا سورج، گرم ہوا کے تھپیڑوں نے موسم کو شدید گرمادیا۔ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے شہروں میں گرمی گرمی اور بس گرمی کا راج ہے۔ گوادر کا درجہ حرارت 48، تربت کا 47، دادو 46 اور لسبیلہ کا درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دوپہر میں چلچلاتی دھوپ سے شہری نڈھال ہوگئے۔ سڑکوں پر بھی سناٹا رہا۔ مزدور پارکوں میں سائے دار درختوں کے نیچے گرمی سے بچنے کی کوشش کرتے نظر آئے۔ شدید گرمی سے پریشان شہریوں نے نہروں کا رخ کیا تو کہیں پر ٹھنڈے مشروبات کی دکانوں پر رش لگ گیا۔ شام ڈھلتے ہی سکھر میں گردآلود ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے باعث ٹریفک کا نظام بھی متاثررہا۔ خیبر پختونخوا کے شہر بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز کےدوران پنجاب اور سندھ میں کہیں کہیں گردآلود ہوائیں اور کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران سکھر،لاڑکانہ،میر پور خاص،خیبر پختونخوا،پنجاب اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔