02 جون ، 2015
اسلام آباد ........راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس اپنے منفرد، خوبصورت اور پر سکون راستے پر چلنے کو تیار ہے، میٹرو بس کے تمام اسٹیشنز تیاری کے بعد تزین و آرائش کے آخری مراحل میں ہیں۔ راولپنڈی اسلام آباد کے باسیوں کے لیے سکھ کا سانس لانے اور جڑواں شہروں کے حسن کو نیا انداز بخشنے والا میڑو بس منصوبہ تکمیل کے بعد اب افتتاح کے لیے تیار ہے۔ میٹرو کا اسلام آباد میں پہلا اسٹیشن، پاک سیکرٹریٹ پوری آب و تاب کے ساتھ مسافروں کیلئے دیدہ و دل فرش راہ کیے ہوئے ہے، اس کی ایک جھلک سے یورپ یا امریکہ کا گماں ہوتا ہے، اس اسٹیشن پر صاف ستھری اور آرام دہ بسیں سبزہ و گل سے سجے اسلام آباد کے جناح ایونیو اور نائنتھ ایونیو پر دوڑنے کو بے تاب ہیں۔ اسلام آباد کے تمام اسٹیشنز شہر کے حسن و جمال میں ایک دلفریب اضا فہ ہیں، جو نہ صرف باہر سے بلکہ اندر سے بھی دمک رہے ہیں۔ یہی حال راولپنڈی کا ہے، جہاں شہر کی مصروف ترین شاہراہ مری روڈ کے اوپر ہوا کے دوش پہ سفر کرتی میڑو کا سفر بھی خوب اور نظارے بھی زبر دست ہیں۔شہر کے گنجان ترین علاقوں سے بل کھا کر گزرتی میٹرو نے راولپنڈی کے رنگ و نقش بھی بدل ڈالے ہیں۔ میٹرو کہیں تو الگ تھلک اپنے جداگانہ وجود کا احساس دلاتی ہے اور کہیں یہ مری روڈ کے اطراف مارکیٹوں کو ملانے والی صر ف ایک چھت کا منظر پیش کر رہی ہے۔ میٹرو بس منصوبہ جہاں راولپنڈی اسلام آباد کے رہائشیوں اور ملک کے دیگر حصوں سے آنے والوں کیلئے سفر کا ایک باعزت ذریعہ ہے وہاں عوام کو بہتریں خدمت کی ایک قابل فخر کاوش بھی۔