11 مئی ، 2012
پشاور … گورنر خیبر پختونخوا بیرسٹر مسعود کوثر نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں میں پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ کا نفاذ قبائلیوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی جانب اہم قدم ہے جبکہ شدت پسندی کے خاتمے کیلئے بے روز گاری اور غربت ختم کرنا ضروری ہے۔ وہ گورنر ہاوٴس پشاور میں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ گورنر خیبر پختونخوا بیرسٹر مسعود کوثر نے کہا کہ فاٹا میں پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ کا نفاذ اہم قدم ہے اور سیاسی جماعتوں کو قبائلی عوام کی ترقی کیلئے ساز گار ماحول پیدا کرنا چاہئے۔ بیرسٹر مسعود کوثر نے کہا کہ شدت پسندی کا رجحان زیادہ تر کم ترقی یافتہ علاقوں میں دیکھنے میں آیا ہے اور شدت پسندی کو روکنے کیلئے قبائلی علاقوں سے پسماندگی بیروزگاری اور غربت کا خاتمہ ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت قبائلی علاقوں میں پسماندگی اور غربت کے خاتمے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے۔