14 مارچ ، 2025
جعفر ایکسپریس حملے کے 4 شہدا کے جسدخاکی اسلام آباد سے آبائی علاقوں میں بھیج دیےگئے۔
شہید محمد ممتاز کا تعلق مانسہرہ، روزے علی کا تعلق اسکردو گانچھے، شہید محمد عثمان کا تعلق اٹک اور شہید محمد امتیاز کا تعلق سیالکوٹ سے ہے، تمام شہدا کی نماز جنازہ آج ان کے آبائی علاقوں میں ادا کی جائے گی۔
جاں بحق ہونے والے25 افراد میں سے 2 ریلوے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ کوئٹہ میں ادا کی گئی۔
اس کے علاوہ جعفرایکسپریس حملے کے 29 زخمی کوئٹہ کے اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 16 زخمی سی ایم ایچ کوئٹہ اور 13 زخمی سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیے گئے جہاں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
زخمیوں کا کہنا ہے کہ وہ مناظر ناقابل بیان ہیں جب حملہ آور مسافروں کو ایک ایک کر کے فائرنگ کرکے مار رہے تھے تو ان کے پاس دوسرا راستہ نہیں تھا اور موقع ملتے ہی 70 سے زائد لوگ وہاں سے بھاگ گئے لیکن متعدد افراد دہشتگروں کی فائرنگ سے زخمی بھی ہوئے۔