10 جون ، 2015
بارسلونا.........شفقت علی رضا...........اسپین کے شہر ’’ وتوریا‘‘ سے چھ رکنی گینگ پکڑا گیا ہے جس نے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر سوشل بینیفٹس(حکومتی امداد) کی مد میں حکومت ا سپین کو 375,000 یوروز کا ’’چونا‘‘لگا دیا، گرفتار کئے گئے تمام افراد کا تعلق پاکستان کے ضلع گجرات سے ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسپین کے صوبے پائس باسکو میں قانونی اور غیر قانونی تارکین وطن کیلئے رائج سوشل بینیفٹس (حکومتی امداد)پالیسی کی مد میں ایک گروپ نے حکومت اسپین کو375,000 یوروز کا ٹیکہ لگا دیا۔پائس باسکوسوشل سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ کے مطابق فراڈ کرنیوالے افراد کو گرفتار کرنے کیلئے ایک ہی وقت میںچار مختلف بلڈنگز پر چھاپے مارے گئے، تمام گرفتار افراد پاکستانی اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ مقیم ہیں۔گرفتار گروہ کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ انہوں نے ایک فرد کے نام پرجعلی دستاویزات کے ذریعے تین دفعہ امدای رقم(ایودھا)کے کلیم مقامی دفاتر میںجمع کروا رکھے تھے۔ان دستاویزات میں جعلی پاکستانی پاسپورٹس اور سرٹیفکیٹس کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔پولیس نے فراڈ کے 35کیس پکڑے ہیں۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ان فراڈ کیسوں میں ایک ہی فرد نے ایک پاسپورٹ پر نام تبدیل کرکے اپنے آپکوغیر قانونی رہائشی ظاہر کیااور دوسرے پاسپورٹ پر اپنے آپکوقانونی رہائشی ظاہر کیا اور پھراپنی فیملی کے ذریعے بھی امدادی رقوم سمیٹیں اور مزید یہ کہ مکانات کے جعلی کنٹریکٹ،فرضی کرایوں کی رسیدیں بھی پیش کیں۔پولیس اس پوائنٹ پر تفتیش کر رہی ہے کہ ایک پاکستانی فرد نے اپنے نام سے تین پاسپورٹس کہاں سے بنوائے اور جعلی دستاویزات گرفتار شدگان کو کس نے مہیا کیں ۔