12 مئی ، 2012
کراچی… کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں واقعے دو گھروں میں قائم چھ دکانوں میں پر اسرار طور پرآگ لگ گئی،جبکہ مسلح افراد نے علاقے میں خوف وہراس پھیلانے کے لئے فائرنگ بھی کی،،اہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق پی آئی بی کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ، جس کے بعد علاقے میں دو مکانوں میں قائم چھ دکانوں میں پر اسرار طور پر آگ لگ گئی۔ آگ بجھانے کے لیے آنے والا فائربریگیڈ کا عملہ علاقے میں ہونے والی فائرنگ کے باعث واپس چلا گیا ،تاہم پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی سیکورٹی میں فائر بریگیڈ کے عملے نے واپس آکر دکانوں میں پراسرار طور پر لگنے والی آگ پر قابو پایا ،لیکن اس دوران دکانوں میں موجود سامان مکمل طور پر جل گیا،،تاہم آگ لگنے کے واقعے میں کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پی آئی بی کالونی میں آگ پولیس کو مطلوب ملزم احمد علی مگسی کے گھر کے نیچے قائم دکانوں میں لگی تھی۔ ملزم تھانہ پی آئی بی کالونی میں درج ہونے والے متعدد نامزد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم احمد علی مگسی متحدہ قومی موومنٹ کے ایک درجن سے زائد کارکنوں کے قتل کے مقدمات کے علاوہ ایم کیو ایم کے سیکٹر ممبر منصور مختار اور انکے بھائی کے قتل کے مقدمے میں درج ہونے والی ایف آئی آرمیں بھی بھی نامزد ہے۔