دنیا
15 جون ، 2015

40، 50 سال سے جنگ میں نہیں گیا ،جس نے فوج کی اہمیت کم کردی، منوہر پریکر

40، 50 سال سے جنگ میں نہیں گیا ،جس نے فوج کی اہمیت کم کردی،  منوہر پریکر

کراچی.......رفیق مانگٹ.......بھارتی اخبار ’ہندوستا ن ٹائمز‘ نے وزیر دفاع منوہر پریکر کے بیان کے حوالے سے لکھا ہے کہ بھارت گزشتہ 40،50سال سے جنگ میں نہیں گیا، جس نے فوج کی اہمیت میں کمی کردی ہے اور بھارتی فوج کے احترام میں کمی آگئی ہے۔ فوجی افسروں کی 2نسلیں جنگ دیکھے بغیر ریٹائر ہو گئیں۔ اخبار کے مطابق بھارتی وزیر دفاع منوہر پریکر جے پور میں ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر بھارتی وزیر اطلاعات و نشریات راجیو آردھن سنگھ راٹھور بھی موجود تھے۔ بھارتی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ بھارت نے گزشتہ 40-50سال سے جنگ نہیں کی، جس نے فوج کی اہمیت کو کم کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کے ریمارکس کو جنگ کی توثیق کے طور پر نہیں لیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی بے پناہ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، کیونکہ امن کے دوران فوج کے لئے لوگوں کے احترام میں کمی ہوگئی ہے۔ انہوں نے دفاعی معاملات پر کئی وزراء اعلیٰ کو لکھا، کچھ نے اس کا جواب دیا کچھ نے نہیں۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ گزشتہ 40،50سال سے بھارت جنگ میں نہیں گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا کہنے کا مطلب یہ نہیں کہ انہیں جنگ میں جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا جنگ کے بغیر فوج کی اہمیت کم ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسروں کی 2نسلیں جنگ دیکھے بغیر ریٹائر ہو گئیں۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ فوج جس احترام کی حقدار ہے وہ نہ کی جائے۔ جو ملک اپنی فوج کی حفاظت نہیں کرسکتا وہ ترقی نہیں کر سکتا۔ اس موقع پر راٹھور نے سابق پاکستانی صدر پرویز مشرف کے اس بیان کو ہدف تنقید بنایا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ملک کے جوہری ہتھیار شب بارات کے موقع پر استعمال کرنے کے لئے نہیں، راٹھور نے پاکستانی رہنما کے خلاف غداری کے الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’جنرل مشرف صاحب اپنے گھر میں داخل نہیں ہو سکتے، بھارت میں کیسے داخل ہوں گے‘۔

مزید خبریں :