دنیا
15 جون ، 2015

بارسلونا کی تاریخ میں پہلی خاتون میئر ’’آدا کولائو‘‘نے حلف اٹھا لیا

بارسلونا کی تاریخ میں پہلی خاتون میئر ’’آدا کولائو‘‘نے حلف اٹھا لیا

بارسلونا.......شفقت علی رضا.......اسپین میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن 2015ءمیں نئی سیاسی جماعتوں نے میدان مار لیا۔ تفصیلات کے مطابق سیاسی جماعت آئی سی وی، پودیمو اورپاہ پر مشتمل انتخابی اتحاد بارسلونا ’’این کومون‘‘ کی آدا کولائو نے بارسلونا شہر کی پہلی خاتون میئر کا عہدہ سنبھال لیا۔ آدا کولاوکی حمایت میں بارسلونا این کومون کے 11، اسکیرا ریپبلیکانا کے 5، سوشلسٹ کے 4، کوپ کے1 کونسلر نے ووٹ دیا، اس طرح آدا کولاو 21 ووٹ لے کر بارسلونا کی میئر بن گئیں اور اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بارسلونا کی تاریخ میں پہلی بار کوئی خاتون میئر بنی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اسپین کے دوسرے شہروں میں بھی خواتین کی بڑی تعداد میئر کا الیکشن جیت کر سیاست کے میدان میں براجمان ہوئی ہیں۔ بارسلونا کے میئر کی ووٹنگ کے دوران سیاسی جماعت سی آئی یو کے خاویر تریاس (موجودہ میئر)کو 10، سیوتادانا کی کارینا می خی آس کو 5 اور پاپولر پارٹی کے فرناندیز کو 3 ووٹ ملے۔ آدا کولائو نے میئر کی چھڑی اسکیرا ریپبلیکانا کی ترینی کاپ دے ویلا اور کوپ کی ماریا روویرا سے وصول کی۔ پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے واحد خاتون ڈاکٹر ہما جمشید کو سرکاری طور پر میئر کی حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔ دوسری طرف بارسلونا کے نواحی علاقہ مونت کادہ میں آئی سی وی کی خاتون ورکر لاورا کمپوس نے میئر کا حلف اٹھایا۔ ویلنسیا میں خاتون ریٹاباربیرا، میڈریڈ میں خاتون مانویلیا کارمینا، سانتا کلوما میں خاتون نوریا، بادالونا میں خاتون دلوریس سپاتیر اور سانتا پروپیا مین بھی خاتون امیدوار نے الیکشن جیتا اور میئر کا حلف اٹھایا۔

مزید خبریں :