16 جون ، 2015
کراچی.......سندھ اسمبلی میں حکومتی اراکین نے صوبائی بجٹ کو عوام دوست جبکہ اپوزیشن نے اسے عوام دشمن قراردیا۔ بجٹ پر بحث کے لیے اجلاس کل تک ملتوی کردیا گیا۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس سے قبل سینئر وزیر نثار کھوڑو کی زیرصدارت تمام جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس بھی ہوا۔ ایوان میں حکومتی اراکین نے بجٹ کو سراہتے ہوئے نئی اعلان کردہ اسکیموں کو خوش آئند قرار دیا۔اپوزیشن جماعتوں پاکستان تحریک انصاف اور ایم کیو ایم نے صوبائی بجٹ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایم کیوا یم کے خالد احمد کا کہنا تھا کہ بجٹ میں کراچی کے لیے زکوۃ اور خیرات کے برابر ترقیاتی فنڈز رکھے گئے ہیں۔پی ٹی آئی کے حفیظ الدین شیخ نے الزام عائد کیا کہ موجود ہ دور حکومت میں تحریک انصاف کے کسی رکن کو فنڈ جاری نہیں کیےگئے۔ اگر فنڈز جاری نہ ہوئے تو پی ٹی آئی سندھ میں دھرنے دے گی۔ایم کیو ایم کی جانب سے وزیر دفاع خواجہ آصف کے مہاجروں سے متعلق بیان کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد بھی جمع کرائی گئی۔اراکین کے خطاب کے بعد اسپیکر آغا سراج درانی نے اسمبلی کا اجلاس کل تک کے لیے ملتوی کردیا۔