16 جون ، 2015
کراچی.......کراچی میں رکشہ اور چنگچی ڈرائیوروں کے جھگڑے کے دوران فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نانی اور نواسے کی تدفین کردی گئی،ملزمان تاحال گرفتار نہیں کیے جاسکے۔ اہل خانہ نے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کردیا۔دس سالہ شاہد جو اسکول کی چھٹیاں اپنی نانی کے گھر سرجانی ٹاؤن میں گزارنے آیا تھا،مگر اسے کیا پتہ تھا کہ وہاں فرشتۂ اجل اسکا انتظار کررہا ہے۔14جون کو شاہد اپنی نانی گل ناز بی بی کے ساتھ چنگچی میں سوار ہوکر بازار جارہا تھا کہ رکشہ ڈرائیور سے چنگچی ڈرائیور کی لڑائی ہوگئی۔ جھگڑے کے دوران رکشہ ڈرائیور نے چنگچی پر فائرنگ کردی۔ جس سے چنگچی میں سوار شاہد اور اس کی نانی جاں بحق ہوگئے۔ 10سالہ شاہد اور گل ناز بی بی کی نماز جنازہ سرجانی ٹاؤن خدا کی بستی میں ادا کی گئی اور بعد میں انہیں علاقے کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔واقعے میں ملوث ملزمان کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے۔