17 جون ، 2015
اسلام آباد....... قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ موجودہ نازک حالا ت میں جبکہ اندرونی و بیرونی دشمنوں نے پاکستان کا گھیرائو کر رکھا ہے اور ہنود ویہود اپنی تما متر توانائیاں وطن عزیز کو زیر کرنے پر صرف کر رہی ہے اور افواج پاکستان کے شیردل جوان قوم وملک کی بقا کی جنگ لڑ تے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں سابق صدر آصف زرداری کاقومی اداروں کو نشانہ بنانا کراچی میں رینجرز اور ملک بھر میں ضرب عضب آپریشن کو سبوتاژ کرنا اور ہندو بنئے سمیت دشمنان پاکستان کو خوش کرنا ہے جسکی پاکستان کا بچہ بچہ نہ صرف پر زور مذمت بلکہ اسے تشویشناک قراردیتاہے ،رمضان المبارک میں پوری قوم پاک فوج کے دہشتگردوں کیخلاف ضرب عضب آپریشن کی جلد حتمی کامیابی کیلئے دعائیں مانگے اور شہدائے دین ووطن کے غمزدہ خاندانوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کو ایام استقبال رمضان کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر انہوں نے جمعہ کو ملک بھر میں ’’یوم یکجہتی افواج پاکستان‘‘ منانے کا اعلان بھی کیا ۔اورکہا کہ سابق صدر زرداری اور ان جیسے لوگوں کو ذہن نشین رکھنا چاہیے کہ بھارت نے آغاز ہی سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی سازشیں شروع کر دی تھیں ۔انہوںنے کہا کہ ڈی جی رینجرز کراچی کی رپورٹ پر چور مچائے شور کے مصداق سیخ پا ہونے والے سیاستدان یاد رکھیں کہ پوری قوم اور اسکاہر بچہ افواج پاکستان کی پشت پر ہے ،سابق صدر زرداری کا یہ کہنا کہ فوجی جرنیل کو تین سال رہنا اور چلے جانا ہے اور ہم نے ہمیشہ رہنا ہے فرعونیت ہے کیونکہ ہمیشگی صرف ذات خدا کیلئے ہے ،پارٹیاں بنتی بگڑتی رہتی ہیں ۔انہوںنے نریندر مودی کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف کو بذریعہ ٹیلی فون پاکستان کیساتھ اچھے تعلقات کی پیش کش کے جواب میں میاں صاحب کوذہن نشین رکھنا چاہیے کہ آزمائے ہوئے کو آزمانا جہالت ہے اور مومن ایک سوراخ سے دوبار ہ نہیں ڈسا جاتا ۔