18 جون ، 2015
ناٹنگھم.......انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری 5ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا میچ آج ٹرینٹ برج، ناٹنگھم مین کھیلا گیا۔ میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 7وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-2سے برابر کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق میچ میں کیوی ٹیم نے ٹاس جیت پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تو مقررہ 50اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 349رنز اسکور کیے، کیویز ٹیم کی جانب سے کین ولیمسن90، گرانٹ ایلیٹ55، مارٹن گپٹل53 اور مچل سینٹنر کے برق رفتار 44رنز نے اہم کردار ادا کیا، تاہم انگلش ٹیم کی جانب سے ڈیوڈ ولی اور بین اسٹوکس نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔ انگلش ٹیم کے لیے 350رنز کا پہاڑ ریت کی دیوار ثابت ہوا اور44 اوور میں 3وکٹوں پر ہدف حاصل کرکے سیریز میں دوبارہ جان ڈال دی۔ انگلش ٹیم کی جانب سے ایون مورگن113، جو روٹ106 نے شاندار سنچریاں اسکور کیں اور ایلکس ہیلز67 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تاہم کیویز کی جانب سے میٹ ہینری نے 2وکٹیں حاصل کیں۔ سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ 20جون کو کھیلا جائے گا۔