24 جون ، 2015
لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ کراچی کے نوجوان عبدالمالک نے امریکہ میں مسل مینیا کے مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کیا ہے اورمخیرحضرات کو ان جیسے باہمت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ ایک بیان میںانھوں نے کیلی فورنیا میں ہونے والے مسل مینیا کے مقابلے میں کراچی کے نوجوان عبدالمالک کی شاندار کامیابی اور مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کرنے پر عبدالمالک اور ان کے گھروالوںکو مبارکباد پیش کی،اور عبدالمالک کو مٹھائی کے دوعدد ٹوکرے ، گلدستہ اور 25 ہزارروپے نقد انعام دینے کابھی اعلان کیا ۔الطاف حسین نے کہاکہ عبدالمالک انتہائی غریب گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور خواتین کے پرس فروخت کرکے اپنے اہل خانہ کی کفالت کرتے ہیں ، مخیر حضرات ان جیسے باہمت نوجوانوں کی بھرپور مالی معاونت کریں تاکہ وہ پاکستان کا نام مزید روشن کرنے کیلئے اپنی صلاحیتوں کا بہتر طور پر استعمال کرسکیں۔ دریں اثنا الطاف حسین نے کراچی سمیت ملک بھر میں ہیٹ اسٹروک سے جاں بحق ہونے والے افراد ، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن ارشد حسین اور انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کے سینئر رکن افتخار حسین کی خالہ زاد بہن، سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے انچارج وسیم اختر کے بہنوئی اور انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن کے سینئر رکن فیض احمد کے والد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی ۔ دریں اثنا ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے قصبہ علی گڑھ سیکٹر کے لاپتہ کارکن سید طاہر علی کے والد سید برکت علی ،کورنگی سیکٹر کے کارکن سید کاظم رضا رضوی کی والدہ امتیاز بانو ، سوسائٹی سیکٹر کے کارکن ندیم احمد صدیقی کی والدہ محمودہ بیگم ،قصبہ علی گڑھ سیکٹرکے کارکن ندیم مغل کی والدہ شہلا مغل ،ایلڈرزونگ فیڈرل بی ایریا سیکٹر کے جوائنٹ انچارج اسلام بیگ کی والدہ رشیدہ بیگم اور جامشورو زون کے کارکن جامی شیدی کے والد خمیسو خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے۔اورمرحومین کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے۔ (آمین)۔