28 جون ، 2015
کراچی.........محکمہ موسمیات نے کراچی کےشہریوں کو خبردار کیا ہے کہ گرمی پھر سے تیور دکھائے گی ، جبکہ لوڈشیڈنگ نے کراچی کے شہریوں کا سکون آج بھی برباد کیے رکھا، شہری اب بھی مختلف علاقوں میں سحر و افطار اندھیرے میں کرنے پر مجبور ہیں۔ جون کا مہینہ شروع ہوتے ہی گرمی نے اپنا رنگ دکھانا شروع کردیا تھا اور چند دن تو ایسے گزرے جس میں لگتا تھا کہ اہل کراچی کے لیے معافی کی کوئی گنجائش باقی ہی نہیں بچی، اسی گرمی نے چند روز میں 1100 سے زائد افراد کی جان لے لی تھی۔ گرمی کی بدترین لہر میں تین روز سے کچھ کمی تو آئی، تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں گرمی کی شدت میں ایک بار پھر اضافے کا امکان ہے۔ اتوار کو کراچی کا درجہ حرارت چھتیس ڈگری ریکارڈ کیا گیا لیکن اب اس میں اضافے کا امکان ہے اور پارہ دوبارہ 40 ڈگری تک جاسکتا ہے۔دوسری جانب شہرمیں لوڈشیڈنگ بھی گرمی کی طرح جوبن پر رہی اور بتیوں سے زیادہ دل جلاتی رہی۔ لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، بفرزون، سرجانی ٹاؤن اور کورنگی کے علاقوں میں اب بھی کئی کئی گھنٹوں کی غیراعلانی لوڈشیڈنگ جاری ہے، جبکہ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہےکہ شہرمیں بجلی کی بحالی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، جن علاقوں میں بجلی تاحال بحال نہیں ہوئی ہے، وہاں مرمتی کام جاری ہے۔