28 جون ، 2015
اسلام آباد..........الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا حکومت کو بلدیاتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور بد نظمی کی تحقیقات سے روک دیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختون خوا حکومت کو ایک خط میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت کو بلدیاتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور بدنظمی کی تحقیقات کرنے اور اس میں ملوث کسی اہلکار کےخلاف کارروائی کا اختیار حاصل نہیں، الیکشن سے متعلق تمام امور کا ذمہ دار الیکشن کمیشن ہے اور ضرورت پڑنے پر الیکشن کمیشن صوبائی حکومت کو انکوائری کی ہدایت کرسکتا ہے۔ خیبر پختون خوا حکومت نے بلدیاتی بدنظمیوں کی وجوہات جاننے کے لئے چیف سیکریڑی کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی بنائی تھی۔