29 جون ، 2015
پیرس.....افضل ندیم ڈوگر.....پاکستان پیپلزپارٹی یورپ کے کواٰرڈینیٹر کامران یوسف گھمن نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے اپیل کی ہے کہ یورپ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی دھڑے بندیوں اور انتشار کا نوٹس لیں اور پارٹی کو منظم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ پیرس میں جنگ سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہر طرح کے لیڈر اپنی اپنی حیثیت کے مطابق یورپ کے مختلف ممالک میں پارٹی کے معاملات میں مداخلت کر تے چلے رہے ہیں جو پارٹی پالیسی کو بالائے طاق رکھ کر اپنے مفادات اور من پسند افراد کو مقامی عہدے بانٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بیٹھا ہوا کوئی عہدیدار اپنی مرضی کے کسی شخص کو عہدیدار بنا دیتا ہے تو سندھ میں بیٹھا ہوا دوسرا پارٹی رہنما کسی دوسرے نو وارد کو اس کی مرضی کا پارٹی عہدہ تخویض کردیتا ہے، کچھ عرصے بعد پاکستان میں بیٹھا ہوا کوئی اور مرکزی رہنما کسی اور کے ایما پر یورپ میں پارٹی کی تنظیم کا اعلان کردیتا ہے جسے دوسرے دھڑے عہدیدار تسلیم نہیں کرتے یوں یورپ کے ایک ایک شہر اور ایک ایک ملک میں پیپلزپارٹی کی کئی کئی تنظیمیں کام کر رہی ہیں جس سے پارٹی کا شیرازہ بکھر کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں پاکستان پیپلزپارٹی کی اوورسیز ڈیسک کے فیصلوں کی مثال دی کہ اس ڈیسک نے رواں ماہ یورپ کے کچھ ممالک میں ایسے من پسند افراد کو یورپ کے مختلف ممالک کا عہدیدار بنایا ہے جو پارٹی میں ماضی قریب میں فعال کردار ادا نہیں کررہے یہاں تک کہ مسلط کئے گئے ان افراد نے کبھی پارٹی کی کسی سالانہ تقریب، شہید رہنماؤں کی برسی یا سالگرہ تک نہیں منائی۔ انہوں نے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے پارٹی رہنماؤں پر مشتمل اوورسیز کمیٹی بنائیں جو اووسیز پاکستانیوں کے معاملات جانتے ہوں اور سالہہ سال سے قربانیاں دینے والے جیالوں کو پہچانتے ہوں تاکہ پارٹی کو منظم کیا جاسکے۔