30 جون ، 2015
ایتھنز........یونان میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیئے تمام بینک بند کردیئے گئے، عوام یومیہ صرف 60 یورو تک اے ٹی ایم سے نکلوا سکتے ہیں۔ حکومت شہریوں اور سیاحوں کو ایک ہفتے تک مفت ٹرانسپورٹ فراہم کررہی ہے۔یونان میں حکومت نے ملکی سرمائے کو اپنے کنٹرول میں لیتے ہوئے تمام بینک ہفتے بھر کے لیے بند کردیے ہیں، تاہم پنشنرز کی ادائیگی کے لیےجمعرات کو بنک کھلنے کا امکان ہے۔ بدترین مالی بحران کا شکار یونان کو منگل تک عالمی مالیاتی ادارے کو ایک ارب 60 کروڑ یورو کا قرض واپس کرنا ہے، جبکہ یورپی ممالک اور آئی ایم ایف سے ہنگامی امداد کے لیے ہونے والے مذاکرات بھی ناکام ہوچکے ہیں، اس صورتحال پر وزیراعظم نے 5 جولائی کو بین الاقوامی قرض دہندگان کی مقرر کردہ بیل آؤٹ تجاویز پر ریفرنڈم کرانےکا اعلان کیا ہے۔ یونانی وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ مالی بحران کےشکار عوام کو ایک ہفتے کیلئے ٹرانسپورٹ مفت دی جا رہی ہے۔ سیاح اور مقامی افراد بسوں، ٹراموں اور ٹرینوں پر مفت سفر کرسکیں گے۔