پاکستان
30 جون ، 2015

الیکشن کمیشن 2013کے عام انتخابات منصفانہ کرانے میں نا کام رہا، حفیظ پیر زادہ

الیکشن کمیشن 2013کے عام انتخابات منصفانہ کرانے میں نا کام رہا، حفیظ پیر زادہ

اسلام آباد........... تحریک انصاف کے وکیل عبدالحفیظ پیر زادہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن 2013کے عام انتخابات منصفانہ اور غیر جانبدارانہ کرانے میں نا کام رہا ہے اوراپنے اختیارات سے دست بردار ہو چکا ہے، اسے درست نہ کیا گیا تو یہ ایک ناکارہ ادارہ بن جائےگا۔ عام انتخابات انکوائری کمیشن میں تحریک انصاف کے وکیل عبدالحفیظ پیرزادہ کے حتمی دلائل جاری ہیں ۔ حفیظ پیرزادہ نے جب یہ موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں مانیٹرنگ اور احتساب کا کوئی نظام موجود نہیں ، عوامی نمائندگی ایکٹ کہتا ہے کہ اگر کوئی ریٹرننگ آفیسر جان بوجھ کر اپنے فرائج سے پہلو تہی کرے تو یہ قابل سزا جرم ہے جس کی سزا 2سال ہے مگر الیکشن کمیشن نے کسی کو سزا تو دور کی بات ہے شوکاز نوٹس بھی نہیں دیا ۔ اس پر کمیشن کے سربراہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ناصر الملک نے کہا کہ غالباً ایسا کرنے کے لیے معیاری ثبوت اور شواہد ضروری ہیں۔ حفیظ پیرزادہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن 2013کے عام انتخابات کو منصفانہ اور غیر جانبدارانہ کرانے میں نا کام رہا ہے ، الیکشن کمیشن اپنے اختیارات سے دست بردار ہو چکا ہے، الیکشن کمیشن کو درست نہ کیا گیا تو یہ ایک ناکارہ ادارہ بن جائےگا ۔حفیظ پیرزادہ کا کہنا تھا کہ اضافی بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور فارم 15کا غائب ہونا اور ریٹرننگ افسران کا بغیر انوائس نوٹ کیے اضافی بیلٹ پیپرزاپنے پاس رکھنے کا ایک طریقہ کار بنایا گیا ،یہ منظم دھاندلی ہے ۔کمیشن کے سربراہ نے حفیظ پیرزادہ سے کہا کہ کیا آپ یہ کہنا چاہ رہے ہیں کہ اضافی بیلٹ پیپرز کا غلط استعمال ہوا؟ تو حفیظ پیرزادہ کا کہنا تھا کہ جی ہاں ۔ حفیظ پیرزادہ کا کہنا تھا کہ جیو کے سینئر اینکر حامد میر کی طرف سے پیش کی گئی ویڈیو اور سابق نگران وزیر اعلیٰ نجم سیٹھی کے بیان کی ویڈیو جس میں ان کا یہ کہنا کہ بطورنگران وزیر اعلی ٰپولنگ سے 10 دن پہلے اختیارات ان سے پھسل رہے تھے اور کئی سیکریٹری ماڈل ٹاؤن کو رپورٹ کر رہے تھے اہم ہے ، پنجاب میں انتخابات بیورو کریسی نے کرائے ۔ حفیظ پیر زادہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں قومی اسمبلی کی تمام 14نشستوں پراضافی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے اور متعدد حلقوں میں 20فیصد سے لے کر 92فی صد تک فارم 15غائب ہیں ۔حفیظ پیرزادہ کے دلائل جاری تھے کہ مزید کارروائی بدھ کی صبح تک ملتوی کر دی گئی ۔

مزید خبریں :