پاکستان
30 جون ، 2015

قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد تیز کیا جائے، وزیر اعلیٰ کی ہدایت

قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد تیز کیا جائے، وزیر اعلیٰ کی ہدایت

کراچی..........وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔سندھ کابینہ کے اجلاس میں امن و امان پر آئی جی سندھ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ صفورا گوٹھ کے ملزمان 38 دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہیں جبکہ لیاری گینگ وار کے خلاف آپریشن تیز کردیا ہے اور اب تک گینگ وار کے 81 اہم ملزمان گرفتار کیے جاچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی سربراہی میں صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراءمراد علی شاہ، شرجیل میمن ، سہیل سیال، مخدوم جمیل ، منظور وسان، گیان چند ، سیکریٹری داخلہ ، آئی جی سندھ اور دیگر نے شرکت کی ۔امن و امان پر بریفنگ میں آئی جی غلام حیدر جمالی نے بتایا کہ سانحہ صفورا گوٹھ کے ملزمان 38 دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ لیاری گینگ وارکے خلاف آپریشن تیز کردیا گیا ہے ۔ کابینہ نے ملزم مظہر چھوٹو اور حامد طحہٰ کی گرفتاری پر آئی جی کی خدمات کو سراہا۔سیکریٹری داخلہ مختیار سومرو نے بتایا کہ لائوڈ اسیپکر کے غلط استعمال پر 753 مقدمات درج ہوئے اور 417 افراد گرفتار کئے، جبکہ نفرت آمیز مواد رکھنے پر 24مقدمات درج اور 28 ملزمان کو گرفتار کیاگیا۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کی فنڈنگ روکنے کے لئے واٹر ہائیڈرنٹ توڑے گئے، دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے لئے ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک بھی کام کررہے ہیں۔وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد تیز اورتحقیقات کے شعبے کو مضبوط کیا جائے،مزید ڈی این اے لیبس قائم کی جائیں۔

مزید خبریں :