13 مئی ، 2012
راولپنڈی…حکومت کی اہم اتحادی مسلم لیگ ق نے بھی بے قابو بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر حکومت کو آنکھیں دکھانا شروع کردی ہیں،سینئر وفاقی وزیر چودھری پرویز الٰہی نے بھی خبردار کردیا کہ بجلی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو پیپلزپارٹی سے راستے جدا ہوجائیں گے۔راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ بجلی کے مسئلے پر مسلم لیگ ن والے صرف اپنی دکانداری چمکا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت حسین کے فارمولے پر عمل کر بجلی بحران پر قابو پایا جاسکتا ہے۔چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پیسے تندوروں میں جھونکے۔شریف برادران بدلے کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور مخالفین پر جھوٹے مقدمات بنارہے ہیں، پنجاب میں بیڈ گورننس نہیں بلکہ میڈ گورننس ہے۔چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ان کے دور حکومت میں بجلی کی پیداوار کیلئے چار منصوبے بنائے گئے تھے جبکہ گذشتہ چار سالوں میں پنجاب کی حکومت بجلی کی پیداوار کے لئے ایک منصوبہ بھی نہیں بنا سکی۔