پاکستان
01 جولائی ، 2015

وزیر اعظم نواز شریف کراچی کا مختصر دورہ کر کے چلے گئے

وزیر اعظم نواز شریف کراچی کا مختصر دورہ کر کے چلے گئے

کراچی.......وزیر اعظم نواز شریف کراچی کا مختصر دورہ کر کےواپس اسلام آبادچلے گئے۔ اپنے دورے میںوزیر اعظم نے کراچی کےلئے ’’کے فور ‘‘منصوبے کیلئے دس ارب ،گرین بس کیلئے 8 ارب روپے دینے کا اعلان کیا، وزیر اعلیِٰ سندھ سے کے الیکٹرک اور وفاق کے بارے میں شکایاتیں بھی سنیں۔ وزیر اعظم نے گرمی سے ہلاکتوں کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کی بھی ہدایت دی اورجاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔ کراچی میںشدید گرمی کے باعث 12 سو سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے پر صورتحال کا جائزہ لینے وزیراعظم میاں نواز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے۔ وزیر اعظم کا ائیرپورٹ پرگورنر ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے ان کا استقبال کیا۔وزیر اعظم کے ہمراہ سینئر وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ،وزیر داخلہ چوہدری نثار سمیت دیگر وزراء بھی تھے ۔وزیر اعلیٰ ہائوس میںگورنر ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ سے وزیر اعظم کی ملاقات میں صوبہ سندھ باالخصوص کراچی میں گرمی سے اموات پر بات چیت کی گئی۔ بعد میں وزیر اعظم نواز شریف کے زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں گورنر ڈاکٹر عشرت العباد، قائم علی شاہ، وفاقی وزرا چودھری نثار اور پرویزرشید ، عبد القادر بلوچ، سائرہ افضل تارڑ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ،اجلاس کے دوران بریفنگ میں وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ شدید گرمی سے متاثرہ 65 ہزار مریضوں کو اسپتالوں لایا گیا، جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد ساڑھے 12 سو ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انسانی جانوں کے ضیاع پر انہیں شدید دکھ ہے،اس طرح ہونے والی اموات کی ملک میں مثال نہیں ملتی، انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔وزیراعظم نواز شریف سے وزیراعلیٰ سندھ کی ون آن ون ملاقات بھی ہو ئی ،قائم علیشاہ نے وزیر اعظم سے ’’کے الیکٹرک‘‘ کی شکایت لگائی اور وفاق سےمتعلق تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔وزیراعظم نےکراچی میں گرین بس کیلئے وزیراعظم نے 8 ارب روپے دینے کا اعلان کیا، وزیراعلیٰ سندھ بولے لاگت تو 16 ارب آئیگی۔وزیر اعظم نے کے فور منصوبے کیلئے 10 ارب روپے کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی۔کراچی میں پانی کی فراہمی کے حوالے سے وزیر اعظم نے سندھ حکومت کو کے فور منصوبے کی کنسلٹنسی 6 ماہ میں جبکہ دو سال میں منصوبہ مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے لیے 10 ارب روپے وفاق کی جانب سے فراہم کیے جائیں گے۔اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ نے وزیر اعظم کو نکاسی آب کے منصوبے ایس 3 اور گرین لائن منصوبے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی ،اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبے بالخصوص کراچی کے معاملات میں دلچسپی لینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں :