02 جولائی ، 2015
لندن.......... لاکھوں کروڑوں دِلوں کی ملکہ برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کی 54ویں سالگرہ آج 1جولائی کو منائی گئی۔ 1جولائی 1961کو نورفوک انگلینڈ میں جنم لینے والی شہزادی پیکر ڈیانا کی زندگی خوشیوں اور غم کا ملاپ تھی، جو مسکرائیں تو ہزاروں دیکھنے والوں کے چہرے کھل اٹھتے اور جب روئیں تو ان کے چاہنے والے بھی ان کے ساتھ غمزدہ ہوگئے۔ کسے معلوم تھا کہ برطانیہ کے قدامت پسند نظام میں پیدا ہونے والی ڈیانا فرانسس اسپینسر ایک دن دنیا کی معروف اور مقبول ترین شخصیت بن جائیں گی۔ ڈیانا کی شہرت کا سورج برطانوی شہزادہ چارلس سے منگنی کے بعد طلوع ہوا اور پھر شادی سے شاہی سفر کا آغاز کیا، تو لوگوں نے اسے خوشیوں اور خوابوں کے سفر سے تعبیر کیا۔ 2بیٹوں شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کی ولادت ہوئی اور وہ تخت و تاج کو مستقبل کے بادشاہ دینے میں کامیاب ہوگئیں۔ بظاہر سب صحیح لگ رہا تھا لیکن شہزادی ڈیانا اپنی ازدواجی زندگی کو کامیابی سے ہمکنار نہ کر پائی۔ پہلے تو شہزادہ چارلس کی بے وفائی نے ڈیانا کا دل توڑا اور پھر ڈیانا نے خود بھی بے وفائی کر ڈالی۔ ڈیانا اور چارلس کی زندگی میں کمیلا پارکر، جیمز گبلی، جیمز ہیوئیٹ اور لیگی بورک جیسے رقابت دار آئے۔ ڈیانا نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں ناکام ازدواجی زندگی کا اعتراف بھی کیا۔ لیڈی ڈیانا نے اپنی ذاتی زندگی کی ناچاکیوں سے دل برداشتہ ہو کر خود کو فلاحی سرگرمیوں میں مصروف کر لیا اور کبھی بارودی سرنگوں کا معاملہ اٹھایا، تو کبھی ایڈز کے خاتمے پر لب کشائی کی۔ ڈیانا کی زندگی کی طرح موت بھی میڈیا کے لیے سب سے بڑی خبر بن گئی، جب 31اگست 1997کو ڈیانا پیرس کے ہوٹل سے اپنے دوست دودی الفائد کے ساتھ روانہ ہوئی، تو ایک بار پھر میڈیا کی زد میں تھیں۔ سفر شروع تو ہوا لیکن ڈیانا منزل تک نہ پہنچ سکی، جن کی گاڑی خطرناک حادثے کا شکار ہو کر مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ حادثے میں شہزادی کے ساتھ ان کے دوست بھی جان کی بازی ہار گئے۔ پریوں کی شہزادی کی یہ داستان اپنے پیچھے کئی سوال چھوڑ گئی، جن کے جواب کا آج بھی ان کے چاہنے والوں کو انتظار ہے۔