05 جولائی ، 2015
فیصل آباد ......وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ عمران خان جھوٹے شخص ہیں ،بلدیاتی انتخابات کے ذریعے ان کی میجر سرجری کریں گے ،ان کو پورے پاکستان میں منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملےگی ۔وفاقی وزیرمملکت پانی وبجلی عابدشیرعلی نے فیصل آباد میں چلڈرن اسپتال کادورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیگر تین صوبو ں کے وزرائے اعلیٰ فیصل آباد چلڈرن اسپتال کے طرز پر اسپتال تعمیر کریں ۔انہوں نے کہا کہ الطاف حسین برطانوی شہری ہیں ،عمران فاروق قتل کیس پر برطانیہ کی پولیس تحقیقات کر رہی ہےانہیں جو تعاون درکار ہوگا فراہم کریں گے ،عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ کے الیکٹر ک کی نا اہلی اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے کراچی میں ہلاکتیں ہوئیں ۔نیپر اکو کے الیکٹرک کے معاملات کی تحقیقات اور ضروری اقدامات کی ہدایت کردی گئی ہے ،کراچی کے لوگوں کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑا جائےگا۔عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ عمران خان جھوٹ کا دوسرا نام ہیں ،پہلے 35پنکچر کا رونا رو کر ملک کی معیشت کو نقصان پہنچایا اور پھر سیاسی بات کہہ کر جاں چھڑالی۔