کھیل
06 جولائی ، 2015

پاکستان کو آخری دن جیت کیلئے 147 رن درکار، 8 وکٹیں باقی

پاکستان کو آخری دن جیت کیلئے 147 رن درکار، 8 وکٹیں باقی

پالی کیلے...... پالی کیلے ٹیسٹ کا چوتھا دن پاکستانی بولرز اور بیٹسمینوں کے نام رہا، عمدہ کارکردگی کےسبب اب پاکستان کو آخری دن میچ جیتنے کے لیے 147رنز درکار ہیں اور اُس کی 8وکٹیں باقی ہیں۔ سری لنکا نے دوسری اننگز 228رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی تو چندی مل اور کپتان میتھیوز نے مزید پچاس رنز کا اضافہ کیا۔ 278 کے اسکور پر چندی مل 67 رنز بناکر عمران خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے، اُس کے بعد تو فاسٹ بولر میزبان ٹیم کے لیے وبال جان بن گئے۔ پرساد، کوشال اور لکمل کو اُنہوں نے بالترتیب صفر، آٹھ اور صفر پر چلتا کیا۔ کپتان میتھیوز نے دوسرے اینڈ سے سنچری مکمل کی، وہ 122رنز بناکر آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی بنے اور عمران خان کا پانچواں شکار بھی۔ سری لنکا کی ٹیم 313رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔ یوں پاکستان کو کامیابی کے لیے 377رنز کا ہدف ملا۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں ہوا، احمد شہزاد اوراظہر علی صرف 13 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے لیکن اُس کے بعد کھیل کا کنٹرول نوجوان شان اور تجربہ کار یونس خان نے سنبھال لیا۔ شان اور خان تیسری وکٹ پر ناقابل شکست 217رنز جوڑنے میں کامیاب رہے، دونوں نے سنچریاں بھی اسکور کیں۔ پاکستان کو پانچویں دن فتح کے لیے مزید 147رنز درکار ہیں۔

مزید خبریں :