09 جولائی ، 2015
اسلام آباد.......وفاقی محتسب نے وزارت مذہبی امور کو سختی کے ساتھ پابند کیا ہے کہ وہ پاکستان مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے مقاصد کی تکمیل میں مکمل تعاون کرے اوردینی تعلیم کے معیار کو قائم رکھنے کے لیے بہتر اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔ وفاقی محتسب نے یہ فیصلہ رولر ایریا ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے چیئر مین عبد الرحیم عباسی کی دائر کردہ درخواست پر اپنا فیصلہ جاری کیا ہے۔جس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ طویل عرصے سے اس حکومتی ادارہ کی غیر فعالی اور عدم دلچسپی میں وزارت مذہبی امور کو ذمہ دار قرار دے کر اسے اب اس بات کا پابند قرار دیا ہے کہ وہ صدارتی حکم نامے سے جاری ہونے والا XL آرڈیننس 2001 جس میں پاکستان مدرسہ ایجوکیشن بورڈکا قیام عمل میں لایا گیا تھا اور اس کے بنیادی مقاصد کی تکمیل کی ذمہ داری بورڈ کے چیئر مین کے ساتھ وزارت کے اعلیٰ افسران پر بھی عائد ہوتی ہے لہٰذفیصلے کے بعد آرڈیننس کے مقاصد پر مکمل توجہ دی جائے اور طلبہ و طالبات کے لیے بہتر ماحول اور تعلیم کے معیار کے بہتر بنانے کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔واضح رہے کہ اسلام آباد میں رولر ایریا ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے چیئر مین عبد الرحیم عباسی نےپاکستان مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کی غیر فعالی اور سالانہ بجٹ کا درست استعمال نہ ہونے،بورڈ میں سابقہ چیئر مین سمیت تمام عملہ کی گزشتہ 11سالہ ناقص کارکردگی مزید یہ کہ اس قومی ادارےکو غیر ضروری مالی نقصان سے بچایا جانے اور بورڈ کے آرڈیننس 2001کے مطابق عمل در آمد کرانے کے حوالے سے 3 فروری 2015ءکو وفاقی محتسب کے پاس درخواست جمع کرائی تھی ۔درخواست گزار عبد الرحیم عباسی اور موجودہ چیئرمین ڈاکٹر عامر طاسیننے وفاقی محتسب کی جانب سے دیے جانے والے فیصلے پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔