10 جولائی ، 2015
پشاور.......پشاور ہائیکورٹ نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے 25 درخواستوں کو خارج کرتے ہوئے بعض پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کرانے کاالیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھاہے۔پشاور ہائیکورٹ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کیس کی سماعت جسٹس قیصر رشید اور جسٹس سیٹھ وقارپر مشتمل 2 رکنی بنچ نے کی ۔عدالت نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق 25 درخواستوں کو دائرہ اختیار سے باہر قرار دیتے ہوئے خارج کردیا اور الیکشن کمیشن کو زمینی اور معروضی حقائق کے پیش نظر ری پولنگ شیڈول جاری کرنے کا حکم دیدیا ہے ۔ اس سے قبل عدالت نے 5 مئی کو ہونے والی ری پولنگ پر حکم امتناعی جاری کیا تھا۔