پاکستان
14 مئی ، 2012

اسلام آباد: دہشت گردی کا خطرہ، ریستوران بند کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد: دہشت گردی کا خطرہ، ریستوران بند کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد … وفاقی وزارت داخلہ نے دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر اسلام آباد کے رہائشی علاقوں میں قائم ریستوران ایک ماہ میں بند کرانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دیگر ریستوران رات 11 بجے بند کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہناہے کہ آئندہ غیر ملکیوں کو ویزے میں توسیع پاکستان سے نہ دینے کا فیصلہ کیا جارہا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ میں وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے بتایا کہ 2 روز پہلے شرپسند عناصر سے خطرے کی اطلاع ملی تھی، اس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ رہائشی علاقوں کے ریستوران 4 ہفتوں میں بند کرادیئے جائیں جبکہ شہر کے تمام ریستوران رات 11 بجے اور ویک اینڈ پر رات 12 بجے بند کرا ئے جائیں گے، اس فیصلے کا نفاذ دیگر شہروں میں بھی کیا جائے گا۔ رحمان ملک نے کہا کہ کئی ریستورانوں میں پابندی کے باوجود نوجوانوں کو سگریٹ اور شیشہ پینے کی سہولت دی گئی ہے، پابندی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ رحمان ملک نے کہاکہ ملک کی ویزا پالیسی پر نظرثانی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، آئندہ ویزے میں توسیع اسی جگہ سے ہوگی جہاں سے اس کا اجراء ہوا ہوگا۔ رحمان ملک نے شریف برداران پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ شہنشاہ پنجاب ہیں، سیاست کریں جج نہ بنیں، وہ بیانات کے ذریعے عدلیہ کے فیصلے کی توہین کررہے ہیں، چیف جسٹس کو سوموٹو نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے اعلان کیاکہ وہ شریف خاندان کی 32 ملین منی لانڈرنگ کے کیس کے حوالے سے عدالت میں نہیں جائیں گے کیونکہ شریف برادران اسٹے آرڈر لے لیں گے۔

مزید خبریں :