15 مئی ، 2012
لاہور…پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے کرکٹر کو پہلی فلائٹ سے واپس بھیج دیا جائے گا، کھلاڑیوں کو بتادیا گیا ہے کہ کرفیو ٹائمنگ کیا ہے۔ قومی ٹیم دو ٹی ٹوئنٹی، پانچ ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز کی پر مشتمل سیریز کھیلنے انتیس مئی کو سری لنکا روانہ ہوگی ، ٹیم کا تربیتی کیمپ کل شروع ہوگا جبکہ کھلاڑی آج کوچ ڈیو واٹمور اور منیجر نوید اکرم چیمہ کولاہور میں رپورٹ کریں گے۔ منیجر نوید اکرم چیمہ کا کہنا ہے کہ دورہ سری لنکا میں ڈسپلن پر سختی سے عملدرآمد ہوگا۔ ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے کو فوری طور پر گھر واپس بھیج دیا جائے گا۔ پوری کوشش ہوگی کہ کھلاڑی دورے میں کسی سے غیر ضروری ملاقات نہ کریں نہ ہی کسی سے تحفے تحائف حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پریکٹس کے دن کھلاڑیوں کیلئے کرفیو ٹائم رات ساڑھے گیارہ بجے جبکہ عام دنوں میں ساڑھے دس بجے ہوگا۔