15 مئی ، 2012
اسلام آباد…سندھ ، پنجاب اور بلوچستان میں موسم بدستور گرم ہے۔ گرمی اور آلودہ پانی کے استعمال کی وجہ سے جنوبی پنجاب میں گیسٹرو کا مرض بڑھ رہا ہے۔سندھ اور بلوچستان میں کئی روز سے گرمی کی لہر برقرار ہے۔ گزشتہ روز دادو اورتربت میں درجہ حرارت 44سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ شدید گرمی کی وجہ سے برف اور مشروبات کی طلب بڑھنے سے قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ گرمی سے بچنے کیلئے دن میں باہر نکلنے سے گریز کرتے ہیں،پنجاب بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔دن بھر موسم گرم اور خشک رہتا ہے جس کی وجہ سے ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں گیسٹرو کا مرض بڑھ رہا ہے۔مالاکنڈ ڈویژن کے بالائی علاقوں میں موسم ابر آلود ہے۔ایبٹ آباد میں بارش اور کاغان میں ژالہ باری کے بعد موسم خوشگوارہوگیا ہے۔ کرم ایجنسی کے کوہ سفید پر رات کی برف باری کے بعد موسم سرد ہے۔