22 جولائی ، 2015
کراچی ......محکمۂ موسمیات نے کراچی میں بارش 5 سے 6 روزجاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے،2 دن 30 ملی میٹر بارش ہوئی تو سیلابی صورت حال ہو سکتی ہے،ماہرین کے مطابق شاہراہوں پر کم سے کم دو فٹ تک پانی کھڑا ہونے کا خدشہ ہے، متعلقہ اداروں کو تیار رہنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔ محکمہ موسمیات نے جمعرات سے پیر تک ملک بھر میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بھارت سے ہوا کا کم دباؤ کراچی سمیت سندھ میں بارشوں کا باعث بنے گا، بارشوں کی وجہ سے سیلاب کی صورتحال خراب ہوسکتی ہے،خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ہے کراچی میں برساتی نالوں میں کچرا جمع ہونے سے نکاس کا نظام بیٹھ سکتا ہے۔ بلوچستان میں بھی شدید بارشوں اور ندی نالوں میں سیلاب جبکہ دیگر علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت میں شدید بارشیں ہوئی ہیں، اس کے ڈیم بھرگئے تو اضافی پانی پاکستان میں چھوڑسکتا ہے ۔پی ڈی ایم اے نے بھی اربن فلڈ وارننگ جاری کردی۔