23 جولائی ، 2015
کراچی.......کراچی میں بہت عرصے بعد موسلادھار بارش ہوئی ہے جو 5دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ مون سون کی بارش شروع ہوئی تو شہریوں کے چہرے کھل اٹھے اور گھروں میں موسم کے پکوان بنائے گئے۔ دوسری جانب سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے اور گاڑیوں میں پانی جانے سے گاڑیاں خراب ہوگئیں جس کی وجہ سے کراچی کی بڑی شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوگیا، جبکہ کئی علاقوں میں بارش کی پہلی بوند کے ساتھ ہی بجلی غائب ہوگئی۔ محکمہ موسمیات نے پانچ دن تک بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ کراچی میں بارش ہوتی ہے تو زحمت بن جاتی ہے، شہر کی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے اور کئی سڑکوں پر ٹریفک جام ہے، بہت سے علاقوں میں بجلی بند ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے، کراچی میں بارش کی دعائیں مانگنے والے ابھی ٹھیک طرح نیلی چھتری والے کا شکریہ بھی ادا نہ کرپائے تھے کہ گھبراہٹ کا شکار ہوگئے، وجہ موسلا دھار بارش نہیں بلکہ شہری انتظامیہ کی انتہا کو پہنچی ہوئی بدانتظامی ہے۔ شام 6 کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا آغاز ہوا، تو کیا بچے اور کیا بڑے، سب ہی موسم کا مزہ لینے کیلئے گھروں سے نکل آئے، تاہم تھوڑی دیر بعد ہی لوگوں کا مزہ کرکراہوگیا کیونکہ شہر کے اکثر علاقوں میں نکاسیٔ آب کا نظام تباہی سے دوچار ہے۔ مضافاتی علاقے زیادہ متاثر ہوئے جہاں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر 18، لانڈھی میں 49، گلشن حدید میں 16 اور ائیرپورٹ میں 27 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے ڈیفنس، گلشن اقبال، گلستان جوہر، ناظم آباد اور دیگر علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جس کے باعث دفاتر سے گھر جانے والوں کو طویل انتظار کی زحمت اُٹھانی پڑی- محکمہ موسمیات کا کہنا ہے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ پیر تک جاری رہے گا۔