24 جولائی ، 2015
پیرس......رضا چوہدری......جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ سر تسلیم خم مگر عمران خان کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے یہ بات پاکستان تحریک انصاف اوورسیز انٹرنیشنل کے سینئر رہنما ایڈووکیٹ محمد ندیم یوسف کسانہ نے نمائندہ جنگ سے خصوصی گفتگو میں جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہر لیڈر عمران خان نہیں جو اتنے بڑے دلیرانہ فیصلے کرنے کی ہمت رکھتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو شادیانے بجانے کی بجائے تحریک انصاف کے ساتھ مل کر الیکشن ریفارمز کی طرف توجہ کرنی چاہئے تاکہ آئندہ دھاندلی کی شکایات کا ازالہ ہو سکے، پاکستان تحریک انصاف اپنی ترجیحات پر تیزی سے عملدرآمد کر کے آئندہ الیکشن میں زبردست کامیابی حاصل کرےگی، پاکستانی عوام کی عمران خان سے بے انتہا امیدیں وابستہ ہیں اور ہم اوورسیز پاکستانی دست و بازو بن کر ساتھ کھڑے ہیں تاکہ پاکستان تحریک انصاف اپنے وعدوں کی تکمیل کر سکے۔