24 جولائی ، 2015
کراچی.... رفیق مانگٹ....... بھارتی پولیس نے مبینہ طور پر اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے معذور نوجوان ابوبکر کو ریاست گجرات کی ایک مسجد سے گرفتار کرلیا۔بھارتی نشریاتی ادارے”ژی نیوز“ کے مطابق پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست گجرات کے ضلع کچھ کے قصبہ بھوج کی مسجد سے پاکستانی نوجوان کو تحویل میں لیا گیا ہے۔ بارڈر رینج کے پولیس انسپکٹر جنرل اے کے جڈیجہ کا کہنا ہے کہ نوجوان بولنے اور سننے سے معذور دکھائی دیتا ہے۔ ایس پی ڈی پٹیل کا کہنا ہے کہ 23سالہ نوجوان کی شناخت محمد فرحان باشھا ابوبکر کے نام سے ہوئی جو پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد کے علاقے محمود پور کا رہائشی ہے۔رپورٹ کے مطابق بھوج ٹاو¿ن میں سنجونگر کی مسجد کے امام کو ابوبکر ملا،اپنے آبائی جگہ اور شناخت کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں اس نے کاغذ کے ٹکڑے پر لکھ کر بتایا کہ وہ اسلام آباد سے ہے۔امام مسجد نے مقامی پولیس کو اطلاع دی جس پر اسے گرفتار کرلیا گیا۔ایس پی نے کہا کہ مقامی ایجنسیوں نے تحقیقات شروع کردی کہ وہ مسجد تک کیسے پہنچا اور جلد مرکزی سیکورٹی ایجنسیاں بھی پوچھ گچھ میں شامل ہوں گی۔تاہم ابوبکر صرف لکھ کر اپنے بارے میں بتا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق اس ہفتے کے اوائل میں ذہنی طور پر معذور ایک اور پاکستانی چالیس سالہ ہمت گل حسین کو کھاوڈا کے قریب سرحد پر بارڈر سیکورٹی فورس نے تحویل میں لیا ،بعد میں ایک مقامی عدالت نے اسے ایک مینٹل ہسپتال میں داخل کرنے کی ہدایت جاری کی۔