26 جولائی ، 2015
راجن پور......دریائے سندھ میں روجھان کے مقام پر دو افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بچی کی لاش نکال لی گئی ہے جبکہ دوسرے شخص کی تلاش جاری ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے سندھ میں 24 گھنٹوں کےدوران تربیلا پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، جبکہ تربیلا پر4 لاکھ 90 ہزار سے ساڑھے5 لاکھ کیوسک پانی کی آمد متوقع ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے نالہ لئی میں 24 تا36 گھنٹوں کے دوران طغیانی کا خطرہ ہے۔ راجن پورکے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے جبری انخلا شروع کردیاگیاہے۔ دوسری جانب مظفرآبادمیں بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے بھی واقعات رونما ہوئے ہیں۔