31 جولائی ، 2015
نئی دہلی .....بھارت میں گرفتار چندا بی بی کی دہائی پاکستانی حکام نے سن لی ۔نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارتی وزارت خارجہ سے رابطہ کرکے چندا بی بی سے متعلق تفصیلات مانگ لیں۔وزارت خارجہ ذرائع کے مطابق دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارتی وزارت خارجہ سے چندا بی بی کے معاملے پر رابطہ کرکے معلومات مانگ لی ہیں۔ پاکستانی ہائی کمیشن نے کہا ہے کہ اپنے عزیزوں سے بچھڑ جانے والی چندا بی بی کو جلد از جلد رہا کیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چندا بی بی کا پاسپورٹ اور سفری دستاویزات اس کے ماموں کے پاس ہیں، جن سے وہ جالندھر میں درگاہ پر بچھڑ گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق 19 جولائی کو واہگہ بارڈر کے راستے 15روزہ ویزے پر بھارت جانے والی چندا بی بی کے ویزے کی معیاد ختم ہونے میں اب بھی 3 روز باقی ہیں، بھارتی میڈیا کے مطابق چندا بی بی کے پاس 7 سو روپے پاکستانی اور دوائیں برآمد ہوئی ہیں۔ادھر پاکستان رینجرز نے چندا بی بی کے معاملے پر بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز سے رابطہ کیا ہے۔پاکستان رینجرز کا کہنا ہے کہ چندا بی بی کے کاغذات جلد ارسال کردینگے۔