Time 27 جون ، 2025
پاکستان

کراچی میں کہیں بارش کا پانی نہیں کھڑا: مرتضیٰ وہاب کا دعویٰ

کراچی میں کہیں بارش کا پانی نہیں کھڑا: مرتضیٰ وہاب کا دعویٰ
کے ایم سی کی ٹیمیں مشینری کے ساتھ اہم شاہراہوں اور حساس علاقوں میں متحرک رہیں: میئر کراچی/ فائل فوٹو

کراچی میں چند گھنٹے قبل بارش کے پہلے اسپیل کے دوران میئر  مرتضیٰ وہاب نے رات گئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

مرتضیٰ وہاب نے ڈیفنس،کلفٹن، ضلع جنوبی اور اطراف کے علاقوں کا دورہ کیا جب کہ انہوں نے گورنر ہاؤس، سندھ اسمبلی اور سپریم کورٹ بلڈنگ کا بھی جائزہ لیا۔

میئر کراچی نے کہا کہ شہر کی بیشتر مرکزی شاہراہیں بارش کے بعد کلیئر رہیں اور کہیں سے بھی پانی جمع ہونے کی کوئی بڑی شکایت موصول نہیں ہوئی، کے ایم سی کی ٹیمیں مشینری کے ساتھ اہم شاہراہوں اور حساس علاقوں میں متحرک رہیں۔

میئر کراچی کے مطابق شاہراہِ فیصل، سر شاہ سلیمان روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، ایم اے جناح روڈ، نرسری، ٹیپو سلطان روڈ، طارق روڈ، کارساز اور ملحقہ علاقوں سمیت دیگر اہم سڑکیں مکمل طور پر کلیئر ہیں۔

دوسری جانب جیونیوز کی ٹیم نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جہاں بارش کے بعد کچھ مقامات حسن اسکوائر، سوک سینٹر،لیاقت آباد ڈاکخانہ،گرومندر اور ایم اے جناح روڈ سیون ڈے اسپتال کے پاس بارش کا پانی جمع ہے، ان مقامات سے بارش کا پانی نکالنے کے لیے انتظامات نہیں کیے گئے۔

میئر کراچی نے میونسپل سروسز کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کرکے الرٹ رہنے کا حکم دے دیا ہے۔

مزید خبریں :