06 اگست ، 2015
کراچی....... 6 نشے باز مجرم، 3 موٹر سائیکلیں، پوش علاقوں کی سنسان سڑکیں،کراچی کے ڈیفنس اور کلفٹن میں نیا ڈکیت گروہ سرگرم ہوگیا ہے، یہ نشے باز ڈاکو ذرا سی مزاحمت پر شہریوں کو گولی مار دیتے ہیں، یہ گروپ ڈکیتی کے دوران ایک خاتون کو بھی قتل کر چکا ہے۔6 ملزمان پر مشتمل گروپ، تین موٹرسائیکل پر ہو کے سوار کرتے ہیں انتخاب ڈیفنس اور کلفٹن کی سنسان سڑکوں کا اور وہاں سے گزرنے والی گاڑی کو رو ک کر بے دھڑک کرتے ہیں لوٹ مار۔لٹنے کے دوران کوئی کرے مزاحمت کی غلطی، تو بے رحموں کا یہ ٹولا فوراً گولی مار دیتا ہے،ایسا کہنا ہے ڈی آئی جی سائو تھ ڈاکٹر جمیل کا۔پولیس کے مطابق کم عمر لڑکوں پر مشتمل اس گروہ کے کارندے نشے میں بھی ہوتے ہیں۔ان کا ہدف عموماً ایسے افراد ہوتے ہیں جو اس علاقے میں نئے ہوں۔ڈیفنس اور کلفٹن کے مکینوں کا مطالبہ ہے کہ یہ علاقے چونکہ اسٹریٹ کرمنلز کا خاص ہدف ہیں ، اس لئے ان علاقوں میں پولیس کی نگرانی کو مزید بہتر بنایا جائے-دو روز قبل سی ویو دو دریا کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر اسی گروپ کی فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق ہوئی تھی۔پولیس کے مطابق یہ گروپ اس کے علاوہ بھی دس سے زائد وارداتیں کرچکا ہے-پولیس نے ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقوں میں رہنے والوں سے گزارش کی ہے کہ اگر وہ تین موٹرسائیکل پر سوار چھ مشکوک افراد کو دیکھیں تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔